ایل اﺅسی کے نزدیک علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری:دفاعی ترجمان
جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فوج نے ایک درانداز جنگجوکوہلاک کرنے کادعویٰ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق دفاعی ذرائع نے جموںمیں بتایاکہ سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پرجنگجوﺅں جمعرات کورات دیر گئے بھمبر گلی سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی لیکن فوج کے جوانوں نے اسے ناکام بنادیا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا کہ 25 نومبر2021 کی رات کو لائن آف کنٹرول پر سرحدپار سے آئے کچھ جنگجوﺅں نے پونچھ ضلع کے بھمبر گلی سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی لیکن فوج کے جوانوں نے اسے ناکام بنادیا اور ایک پاکستانی جنگجو کو ہلاک کردیاگیا،جسکی نعش اوراسلحہ ودیگرسامان برآمد کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ مستعد آرمی کے دستوں نے متحرک نگرانی گرڈکے موثر استعمال سے دراندازی کی کوشش کا پتہ لگایا اورفو ری طورپر جوابی کارروائی کی۔ دفاعی ترجمان نے کہا کہ فوجی دستوں اور جنگجوﺅںکے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک جنگجو ہلاک ہوا۔ مارے گئے جنگجو کی لاش کے ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے میں ایل اﺅسی کے نزدیک تلاشی آپریشن ابھی جاری ہے،کیونکہ دراندازی کی کوشش میں کامیاب ہونے کی صورت میں مزید جنگجو یہاں چھپے ہوسکتے ہیں۔














