’’ہم جموں و کشمیر بھر میں روحانیت، ہم آہنگی اور امن کے
مراکز کی عظمتِ رفتہ بحال کر رہے ہیں‘‘: ڈاکٹر اندرابی
جموں، 16 اکتوبر: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے آج جموں کے تالاب کھٹیکہ، گمٹ اور پیر بابا ستواری میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جموں وقف ڈویژن کی انجینئرنگ ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔
دورے کے دوران ڈاکٹر اندرابی نے تالاب کھٹیکہ کی جامع مسجد کی پہلی منزل کی تعمیر اور حضرت روشن شاہؒ کی زیارت گاہ کی ازسرِنو تعمیر کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے پیر بابا بُڈَّن علی شاہؒ کی زیارت گاہ کی ازسرِنو تعمیرو تجدید کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ انجینئرنگ حکام سے کام کی موجودہ صورتِ حال اور تکمیل کی مقررہ مدت کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔
ڈاکٹر اندرابی نے متعلقہ ٹیم کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور امید ظاہر کی کہ ان کی تکمیل کے بعد ان مذہبی مقامات کو جلد ہی عوام اور عقیدت مندوں کے لیے باضابطہ طور پر وقف کیا جائے گا۔
اس موقع پر وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے بورڈ کے ترقیاتی مشن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جاری اقدامات جموں و کشمیر کے روحانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور فروغ کے تئیں بورڈ کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا، ’’یہ ہمارے روحانی مراکز کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کا دور ہے۔ وقف بورڈ کا واضح وژن ہے کہ ان مقدس مقامات کی شان و وقار میں اضافہ کیا جائے، جو نسلوں سے ہم آہنگی، روحانیت اور امن کے چراغ روشن کرتے آئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ان مقامات کی روحانی تقدیس برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں وہ بنیادی ڈھانچہ اور ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں جن کے وہ مستحق ہیں۔‘‘
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ پورے جموں و کشمیر میں مزارات اور مذہبی اداروں کی منظم ترقی، تحفظ اور تزئین و تجدید کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی توجہ معیاری بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور خطے کے مشترکہ روحانی ورثے کو مزید مستحکم بنانے پر مرکوز ہے۔













