وزیر اعلیٰ نے کیا وزیر اعظم مودی کا شکریہ
نوجوانوں کو روزگار کے لئے تیار مہارتیں حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے / عمر عبد اللہ
سرینگر /17اکتوبر / وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے جموں و کشمیر میں آئی ٹی آئیز کی جدید کاری کیلئے 475.41 کروڑ روپے منظور کرنے کیلئے وزیراعظم مودی سے شکریہ ادا کیا ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز) کے اہم کلسٹروں کو جدید بنانے کیلئے پی ایم ستھو کے تحت 475.41کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلانز کی منظوری پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری جینت چودھری کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ اقدام جموں و کشمیر میں پیشہ ورانہ تربیت کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، صنعتوں کے ساتھ روابط مضبوط کرنے اور خطے کے نوجوانوں کو روزگار کے لئے درکار عملی و تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئیز کی جدید کاری سے نوجوانوں کو روزگار کے لئے تیار مہارتیں حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور ان کی ملازمت کے حصول کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے اس اہم اقدام پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پی ایم ستھو کے تحت یہ سرمایہ کاری جموں و کشمیر میں ہنرمندی کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔













