خرطوم (یواین آئی) افریقی ملک سوڈان کے اقتدار پرجنرل عبد الفتاح برہان کے قبضہ کے بعد ملک میں احتجاج و مظاہرہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ اب راجدھانی خرطوم میں فوجی بغاوت کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور فوجی قیادت کے خلاف نعرے لگارہے ہیں۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جس میں جمہوری حکومت کی بحالی کے مطالبات تحریر تھے ۔ سیکیورٹی فورسز نے امن عامہ کے نام پر مظاہرین کو طاقت سے کچلنے کی کوشش کی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تاہم مظاہرین کے منتشر نہ ہونے پر براہ راست فائرنگ کردی۔