کشمیر نشین ارکان اسمبلی کا بلالحاظ پارٹی وابستگی کے زوردار احتجاج
اسپیکرنے سنیل شرماکے یمارکس کو خارج کر دیا،بھاجپا ارکان کا اسمبلی سے احتجاجی واک آوٹ
13جولائی اور شیخ محمد عبداللہ کے یوم پیدائش پر تعطیلات کی بحالی کےلئے قرارداد منظور کی جائے:سجادلون
سری نگر / قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما کے13 جولائی کے شہیدوں کو غدار کہنے والے متنازعہ ریمارکس پر بدھ کو قانون ساز اسمبلی میں ہنگامہ خیز مناظر دیکھنے میں آئے۔جے کے این ایس کے مطابق بجٹ اجلاس کے تیسرے روز قانون سازاسمبلی میں اُسوقت خاصی ہنگامہ آرائی اورشورشرابہ دیکھنے کو ملا ،جب بھاجپا سے وابستہ اپوزیشن لیڈر سنیل شرمانے13 جولائی کے شہداءکو غدارقرار دیا۔ کشمیری رہنماو ¿ںاور ارکان اسمبلی کے بلالحاظ پارٹی وابستگی زبردست احتجاج کے بعد اسپیکرعبدالرحیم راتھرنے سنیل شرماکے متنازعہ یمارکس کو خارج کر دیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پرشکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اورممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے 13 جولائی کے یوم شہدا ءکی تعطیل بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔وحیدپرہ نے جیسے ہی اپنی تقریر ختم کی، اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے کھڑے ہو کر ان کے مطالبے پر اعتراض کیا۔ قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما نے کہاکہ وہ(13جولائی)والے شہید نہیں بلکہ غدار تھے۔سنیل شرماکے ان متنازعہ ریمارکس پر حزب اقتداربنچ کے ساتھ ساتھ کشمیرکی اپوزیشن جماعتوں سے وابستہ ممبران اسمبلی کی طرف سے بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کیا۔احتجاجی رہنماو ¿ں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرماکے ریمارکس کو ایوان کے ریکارڈ سے خارج کیا جائے۔ممبراسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ نے کہاکہ یہ ریمارکس ذلت آمیز اور تفرقہ انگیز تھے اور انہیں واپس لیا جانا چاہیے یا ریکارڈ سے خارج کر دینا چاہیے۔حزب اقتدار و کشمیر ی ارکان اسمبلی ور بی جے پی ممبران کے درمیان مسلسل نعرے بازی کے درمیان، اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے اعلان کیا کہ ان ریمارکس کو ایوان کے ریکارڈ سے خارج کر دیا گیا ہے۔













