سوپور آپریشن ختم،ایک زخمی جوان:آئی جی پی کشمیروی کے بردی
سرینگر/انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون نے منگل کوکہاکہ 76واںیوم جمہوریہ احسن طریقے پرمنانے کیلئے پورے کشمیرمیں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔آئی جی پی وی کے بردی نے ساتھ ہی کہاکہ یوم جمہوریہ کے ہموارانعقادکویقینی بنانے کیلئے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات روبہ عمل لائے گئے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وی کے بردی نے منگل کونامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ 76ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کرنے والے شرکاءاور عوام کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنانے کےلئے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔آئی جی پی وی کے بردی کاکہناتھاکہ یہ سبھی احتیاطی اقدامات ہیں تاکہ یوم جمہوریہ کی تقریبات خوش اصلوبی کیساتھ اور بغیرکسی خلل کے منائی جاسکیں۔سوپور انکاو ¿نٹر کے بارے میں آئی جی پی بردی نے کہا کہ یہ آپریشن مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ گجرپتی زاولورہ سوپورمیں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔ آئی جی پی وی کے بردی نے کہاکہ خفیہ ٹھکانے کے اندر موجود دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔انہوںنے کہاکہ علاقے میں آپریشن اب اختتام پذیر ہو گیا ہے۔












