نامعلوم ا فراد کی نجی گاڑی میں سوارشخص پر فائرنگ
36سالہ نوجوان پر4گولیاں لگنے سے ہلاک،حملہ آور فرار
دہشت گردی کا کوئی زاویہ نہیں،ذاتی دشمنی پرقتل: اے ڈی جی پی جموں
سرینگر/سرمائی راجدھانی جموں شہر کے مصروف جیول چوک علاقے میںاسوقت سراسیمگی کی صورتحال پیداہوئی ،جب یہاں منگل کی دوپہر ایک شخص کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ایک SUVگاڑی میں سفر کرنے والے ایک شخص پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا، جو پہلے سے جیول چوک میں موجود تھے۔ذرائع نے کہا کہ 36سالہ شخص پر4گولیاں چلائی گئیں اور وہ شدید زخمی ہوئے۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں سرکاری میڈیکل کالج جموں لے جایا گیا جہاں پہنچنے پرڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دے دیا ، جبکہ نامعلوم حملہ آور جائے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔مہلوک نوجوان کی شناخت36سالہ سمیت جنڈیال ولد اوم پرکاش ساکن وجے پور سانبہ کے طور پر کی گئی ہے۔اس واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسرکی قیادت میں ایک ٹیم جائے واردات پرپہنچ گئی اور بعدازاں جموں پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کو پکڑنے کےلئے بڑے پیمانے پرتلاشی اور چھاپہ مارکارروائی شروع کردی ہے۔حکام نے بتایاکہ پولیس کی ٹیم جلدی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تازہ واقعے کے بارے میں اے ڈی جی پی جموں آنندجین نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ قتل کی یہ واردات ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ابتدائی معلومات اسی جانب اشار ہ کرتے ہیں کہ جیول چوک میں ایک شخص کو ذاتی دشمنی کی بناءپرقتل کیاگیا ہے ۔ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جموں آنند جین نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ واقعہ گینگ دشمنی کی وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ وجے پور کے گٹارو گینگ نے اپنے حریف گروپ کے رکن پر حملہ کیا اور اس واقعہ میں دہشت گردی کا کوئی زاویہ نہیں تھا۔سینئرپولیس افسرنے بتایاکہ حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے اور بہت جلد قتل میں ملوث افرادکو گرفتار کرکے بے نقاب اور پھر عدالتی کٹہرے میں کھڑا کیاجائے گا۔بتایاجاتاہے کہ جائے وقوعہ مولانا آزاد اسٹیڈیم سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر ہے جہاں26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے لیکن اسکے باوجود اس علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ جموں میں 20 دنوں کے اندر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل3 جنوری کو نیو پلاٹ علاقے میں بی جے پی لیڈر کے بیٹے پر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار نے حملہ کیا تھا۔













