گڈرکولگام کی خاتون بیٹے کی طرح لقمہ اجل
سرینگر:۱۲،جنوری: جے کے این ایس : جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے گڈر میں منگل کو دم گھٹنے کے ایک واقعہ کے بعد اپنے بیٹے کی موت کے17 دن بعد ایک ماں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔جے کے این ایس کو ایک اہلکار نے بتایا کہ گڈرکولگام کی ایک خاتون جس کو 2 جنوری کو دم گھٹنے کے بعد ہسپتال میں داخل کیاگیاتھا،25سالہ بیٹے کی موت کے17 دن بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ متوفی خاتون فمیدہ اختر اور اس کا25 سالہ بیٹا نثار احمد خان 2 جنوری کوضلع کولگام کے گڈرگاﺅں میں اپنے گھر پر کوئلے کی انگیٹھی سے نکلنے والے دھویں کے نتیجے میں دم گھٹنے کی وجہ سے بے ہوش پائے گئے تھے۔ دونو ںماں بیٹے کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں جدید علاج کے لیے SKIMSصورہ سری نگر ریفر کر دیا۔اہلکار نے مزید کہاکہ بدقسمتی سے،25سالہ نثار احمدخان واقعے کے2 دن بعد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اور طویل علاج کے بعد اس نوجوان کی والدہ، فمیدہ اختربھی زندگی کی جنگ ہارگئی۔جیسا کہ پہلے بتایا گیا تھا کہ جموں و کشمیر میں دم گھٹنے سے کل 19 اموات ہوئیں، آج کی موت کے ساتھ دم گھٹنے سے مرنے والوں کی کل تعداد20 تک پہنچ گئی۔












