اضافی درجہ حرارت ماحولیاتی تبدیلی کا نتیجہ،کوئی اچھی علامت نہیں:ماہرین
گلمرگ،سونہ مرگ اور رازدان پاس پر تازہ برف باری، گریز بانڈی پورہ سڑک پرٹریفک معطل
31جنوری تک کوئی خاص موسمی سرگرمی نہیں،باقی دن الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برف وباراں
سرینگر/ پیرکے روزکشمیر وادی میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4تا8ڈگری سینٹی گریڈاوپردرج ہونے کے بعد رات دیر گئے کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ اور سونمرگ میں تازہ برف باری ہوئی ،لیکن اسکے باوجود پیر اور منگل کی درمیانی رات کشمیر وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 3تا5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈکیاگیا ۔موسمیاتی ماہرین نے دن اوررات کے اضافی درجہ حرارت کو ماحولیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے خبردارکیاکہ اب عمومی طور پر سخت سردی کی لپیٹ اوربرف سے ڈھکی وادی کشمیرمیں ماحولیاتی تبدیلی کے موسمی صورتحال پر منفی اثرات عیاں ہورہے ہیں ،جوکوئی اچھا شگون یا علامت نہیں ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر وادی میں غیرمتوقع طور پر شہنشاہ زمستان40 روزہ چلہ کلان کے سخت سردی کے ایام میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیاجارہاہے ۔پیرکے روزکشمیر وادی میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4تا8ڈگری سینٹی گریڈاوپردرج ہونے کے بعدوادی کے تمام موسمی مراکز میں رات کا درجہ حرارت بھی بڑھ گیا اور پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران درجہ حرارت معمول سے3تا5ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ عام لوگوں کیلئے بھلے یہ موسم خوشگوار اورراحت بخش ہو لیکن موسمیاتی ماہرین کی نظر میں عمومی طور پر سخت سردی کی لپیٹ اوربرف سے ڈھکی وادی کشمیرمیں ماحولیاتی تبدیلی کے موسمی صورتحال پر منفی اثرات عیاں ہورہے ہیں ،جوکوئی اچھا شگون یا علامت نہیں ہے۔موسمیاتی مرکز سری نگرکی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات شمالی کشمیرکے کچھ بالائی علاقوںمیں تازہ برف باری کے باوجود رات کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہوا ۔موسمیاتی مرکز کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم پارہ 1.0،قاضی گنڈمیں منفی1.6،پہلگام میںمنفی2.2،کپواڑہ میں 1.0،کوکرناگ میں منفی1.4،گلمرگ میں منفی3.2،سونمرگ میں منفی4.8،بارہمولہ میں0.7،بڈگام میں 0.5،گاندربل میں0.7،پلوامہ میں منفی1.1،کولگام میں منفی2.2،شوپیاں میں منفی2.9اورلارنوکوکرناگ میں منفی0.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔اس دوران حکا م نے بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات وادی کشمیر کے اونچے علاقوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونمرگ میں رات بھر تازہ برف باری ہوئی۔انہوںنے بتایاکہ گلمرگ سمیت وادی کشمیر کے اونچی علاقوں میں9 سینٹی میٹر برف باری ہوئی، جب کہ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے سونہ مرگ علاقے میں بھی رات بھر ہلکی برف باری ہوئی۔اس دوران کشمیر کے کئی علاقوں میں رات بھر بارش بھی ہوئی۔شمالی کشمیر میں رازدان پاس پر تازہ برف باری کے بعد گریز بانڈی پورہ سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔حکام نے منگل کو کہا کہ رازدان پاس پر تازہ برف باری کے بعداحتیاطی تدابیر کے طور پر گریز بانڈی پورہ سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ رازدان پاس پر کافی برف جمع ہوئی ہے جس سے سڑک سفر کے لیے غیر محفوظ ہو گئی ہے۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اگلے احکامات تک معطلی برقرار رہے گی۔حکام نے کہا، مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روٹ کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں سرکاری اعلانات کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔دریں اثناءموسمیاتی مرکزسری نگر نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیاتی مرکز کے مطابق 21اور22جنوری کو عام طور پرمطلع ابر آلود اور بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش اوربرفباری کا امکان ہے جبکہ 23جنوری کو بھی الگ تھلگ مقامات پر بہت ہلکی بارش اورہلکی برف باری متوقع ہے۔تاہم 24سے28جنوری کے دوران جموں وکشمیرمیں عام طور پرموسم خشک رہنے کاامکان ہے۔جبکہ اسکے بعد29سے31جنوری کے دوران جموں وکشمیرمیں موسم ابرآلودرہنے کے بیچ الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اوربرفباری متوقع ہے۔














