سری نگر/وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ وزیر اعظم 19ستمبر کے روز جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں چناوی ریلی سے خطاب کریں گے۔
پی ایم مودی کے اس دورے کے پیش نظر حکام نے وادی بالخصوص شہر سری نگر کے قرب وجوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکس ہیں۔
موصوف نامہ نگار نے کہا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے تھے۔













