سری نگر/بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر کے صدررویندر رینا نے جمعرات کو جموں خطہ کی نوشہرہ اسمبلی سیٹ کےلئے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کیا۔جے کے این ایس کے مطابق پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رویندر رینانے کہا کہ پورے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی مضبوط لہر ہے۔رویندرینانے نوشہرہ میں آر ایس ایس کے کارکن اور بی جے پی کے سابق جنرل سکریٹری رام مادھو کے ساتھ روڈ شو کیا۔انہوںنے دعویٰ کیاکہ نوشہرہ ہو یا دیگر علاقے، جموں و کشمیر میں بی جے پی کی مضبوط لہر دیکھی جا رہی ہے۔ رویندر رینا کاکہناتھاکہ ہماری انتخابی مہم میں ہزاروں لوگ بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے جموں و کشمیر میں بی جے پی کا مستقبل نظر آرہا ہے، اور انتخابات کے انعقاد کے بعد پارٹی جیت کر ابھرے گی۔رویندر رینا نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور نیشنل کانفرنس پر خطے کے مہاراجہ کی توہین کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ کانگریس اور اس کے اتحادی کو جموں و کشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں منہ توڑ جواب دیں گے۔47 سالہ رویندررینا، جو اس سے قبل 2014 کے انتخابات میں نوشہرہ سے جیتے تھے، کو ایک بار پھر ان کے آبائی حلقے سے نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مئی 2018 میں بی جے پی کے جموں و کشمیر صدر کا عہدہ سنبھالا۔رینا کے بنیادی مخالف سابق ایم ایل سی سریندر چودھری ہیں، جنہوں نے بی جے پی کے ساتھ ایک سال سے زیادہ عرصہ گزارنے کے بعد جولائی2023 میں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔2008 کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار رادھے شام شرما نے سیٹ حاصل کی تھی۔2002 میں کانگریس کے امیدوار رومیش چندر شرما نے اس سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔