کچھ علاقوں میں مشتبہ افرادکی نقل وحمل کے پیش نظرسخت چوکسی
جموں، ڈوڈہ، ریاسی اضلاع میں پولس و سیکورٹی فورسز کی تلاشی مہم
سری نگر/ سیکورٹی فورسز نے پیر کو جموں، ڈوڈہ اور ریاسی اضلاع میں کچھ مشتبہ افرادکی نقل و حرکت سے متعلق اطلاعات کے بعد تلاشی کارروائیاں شروع کردیں۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق حکام نے بتایا کہ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی طرف سے پیر کی صبح جموں کے اکھنور سیکٹر میں لوئر گھروٹا، تھاٹھی اور ملحقہ علاقوں میں ایک دیہاتی کی طرف سے جنگی لباس میں 3 افراد کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد ایک مشترکہ آپریشن کیا گیا۔انہوںنے بتایاکہ اکھنور علاقے میںکچھ مشتبہ افرادکی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر کو محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔حکام کی جانب سے مزید کہا گیا کہ مشتبہ افراد کو مقامی لوگوں نے فوجی تنصیب کے قریب دیکھا جس کے بعد علاقے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق تاہم پیرکی صبح قریب 2گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والی تلاشی کے دوران کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی۔اس دوران جموں خطے کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے کوٹی جنگلاتی علاقے میں، پولیس نے، فوج کی مدد سے، دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد پیرکی صبح تقریباًساڑھے9بجے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔حکام نے بتایا کہ تلاسی آپریشن کچھ گھنٹے تک جاری رہا لیکن سیکورٹی فورسزکا دہشت گردوں سے کوئی رابطہ قائم نہیں ہوا ۔حکام نے مزید نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح ریاسی ضلع کے رومبل نالہ کوٹھیان، پونی، ڈیرہ ببر، کنڈلے اور کنجلی علاقے میں بھی تلاشی لی۔جموں خطے میں حال ہی میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر سرحدی اضلاع جیسے پونچھ، راجوری، ڈوڈہ اور ریاسی میں۔ ائرفورس کے ایک قافلے، یاتریوں کی بس پر حملے اور کٹھوعہ میں فوجیوں کی حالیہ ہلاکت ابھرتے ہوئے خطرے کو نمایاں کرتی ہے۔














