ابتک تقریباً3لاکھ30ہزار یاتریوںنے دی امرناتھ گھپا میں حاضری
پیرکو جموں سے روانہ ہوئے 4875یاتری بال تل اور نون ون پہنچے
سری نگر // 52روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2024جاری ہے اور 17دنوںمیں 3لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے سطح سمندر سے3880میٹر بلندی پر واقع امر ناتھ گھپا میں حاضری دیکر شیولنگم کے درشن کئے جبکہ پیرکی صبح بھگوتی نگرجموںیا تری نواس سے 162 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں4875یاتری 2قافلوںمیں روانہ ہونے کے بعد سہ پہرکے وقت بال تل سونہ مرگ اور نون ون پہلگام پہنچے ۔ جے کے این ایس کے مطابق کشمیرمیں موسم گرم مگرخوشگوار رہنے کے بیچ سالانہ امرناتھ یاترا جوش و خورش سے جاری ہے ۔پیر کو علی الصبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے سخت سیکورٹی بندوبست کےساتھ4875 یاتری 2قافلوں میں کشمیر روانہ ہوئے۔حکام نے بتایاکہ بھگوتی نگرجموںیا تری نواس سے پیرکی صبح2975یاتریوں کا پہلا قافلہ ،جس میں 2328مرد،516خواتین،4بچے اور64سادھو وسادھویاں شامل تھے ، ننون پہلگام بیس کیمپ جبکہ 1918یاتریوں کا دوسرا قافلہ ،جس میں 1136مرد،772خواتین اور چار بچے بھی شامل تھے بال تل بیس کیمپ کی جانب روانہ ہوئے ۔حکام نے بتایاکہ دونوں قافلوںمیں شامل سبھی یاتری سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ پیرکی سہ پہر نون ون پہلگام اور بال تل سونہ مرگ پہنچے۔اس دوران حکام نے بتایاکہ پیرکے روز بھی ہزاروں کی تعدادمیں یاتری نون ون بیس کیمپ اور بال تل سے امرناتھ گھپا پہنچے اور یہاں حاضری دیکرشیولنگم کے درشن کئے،اور بقول حکام کے یوں 52روزہ یاترا کے17ویں روز امرناتھ گھپا میں حاضری دینے والے یاتریوںکی تعدادتقریباً3لاکھ 30ہزار سے تجاوز کر گئی ۔حکام نے اس اُمیدکااظہارکیاکہ امسال امرناتھ یاترامیں شامل ہونے والے اور گھپا میں حاضری دینے والے یاتریوں کی تعداد ساڑھے 4لاکھ سے زیادہ ہوگی ۔قابل ذکر ہے کہ بال تل اور نون ون میں قائم بیس کیمپوں کے ساتھ ساتھ امرناتھ گھپاتک جانے والے دونوں راستوں پر یاتریوںکی سہولیت کیلئے125لنگر لگائے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ طبی سہولیات بھی بہم رکھی گئی ہیں اورساتھ ہی سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یاترا کے راستوں پرہمہ وقت نگرانی اور نظرگزر کیلئے تقریباً 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔یادرہے 52دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ یاترا19اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔












