سری نگر، 26 جون/ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ آیوشی سودان نے پیر کو کہا کہ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں سیاحت بالخصوص سرحدی اور مذہبی سیاحت کے لحاظ سے بہت زیادہ امکانات ہیں۔کشم ملاپ نیوز نیٹ ورک سے بات چیت کرتے ہوئے آیوشی سودان نے کہا کہ ترجیحی شعبہ تکنیکی طور پر سیاحت ہونا چاہئے اور اس کے علاوہ سماجی شعبہ ہے جس میں صحت اور تعلیم شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں شعبے بھی ترجیحات میں شامل ہونے چاہئیں اور ماضی میں بھی سٹاف کی کمی کے حوالے سے مسائل رہے ہیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ سودان نے مزید کہا کہ ہم حکومت کے تمام سربراہان اور سول سوسائٹی کے اراکین سے بھی تعاون حاصل کریں گے۔ میں ذاتی طور پر سوسائٹی کے تمام ممبران، پی آر آئی ممبران اور ڈی ڈی سی ممبران سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اپنی رائے دیں تاکہ انتظامیہ ان ممبران کے ساتھ مل کر کام کر سکے۔سودان نے مزید کہا کہ اس سے کپواڑہ کو مکمل طور پر مزید متحرک ضلع بنانے میں مدد ملے گی۔














