سری نگر، 9 فروری/ ثقافتی قونصلر، سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ ایران، نئی دہلی نے کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کے سربراہ ڈاکٹر جہانگیر اقبال تانترے کو بین الاقوامی سعدی ایوارڈ سے نوازا ہے۔یہ ایوارڈ فارسی زبان و ادب کے لیے بہترین خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔اس تقریب کی صدارت ہندوستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر ایراج الٰہی نے کی، اس کے علاوہ سماجی بہبود کے وزیر راج کمار آنند اور چیئرپرسن آئی سی ایس ایس آر، پدم شری ڈاکٹر جے کے بجاج بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ایوارڈ تقریب نقد انعامات اور حوالہ جات کے ساتھ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے کام کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔اس تقریب کے دوران فارسی کے سینئر پروفیسرز اور اسکالرز جنہوں نے ادب، تحقیق، مخطوطہ کی تدوین یا فارسی نصاب کی ڈیزائننگ کے میدان میں اپنا علمی تعاون کیا ہے انہیں تقریب کے دوران نوازا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان اور رجسٹرار ڈاکٹر نثار اے میر نے ڈاکٹر جہانگیر کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔ڈاکٹر تانترے نے متعدد قومی اور بین الاقوامی سیمیناروں، کانفرنسوں اور ورکشاپس میں شرکت کرنے کے علاوہ کئی کتابیں اور تحقیقی مضامین لکھے ہیں۔ انہوں نے متعدد پی ایچ ڈی اسکالرز کی نگرانی بھی کی ہے اور کئی قومی اور بین الاقوامی اداروں کے وزٹنگ فیلو بھی ہیں۔