سرحدی ضلع کپواڑہ میںپولیس نے منشیات کے خاتمہ کیلئے کارروائی تیز کرتے ہوئے تین بدنام منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ عائد کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ۔ نمائندے نے ا س ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کپواڑہ پولیس نے منشیات اسمگلروں کا قافیہ حیات تنگ کرکے ان کے خلاف کارروائی میںتیزی لائی ہے ۔ نمائندے نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ معاشرے سے منشیات کی اسمگلنگ کی لعنت کو ختم کرنے کی مہم کے تحت تین بد نام زمانہ منشیات اسمگلروں جن کی شناخت جاوید احمد لون ولد علی محمد لون ساکن پنجگام کرالپورہ ، شمیم احمد بٹ ولد محمد تسوین بٹ ساکنہ سدھ پورہ کرناہ اور جہانگیر احمد خان ولد رحمت علی خان ساکن چتر کوٹ کرناہ کے بطور ہوئی ہے کو صوبائی کمشنر کشمیر کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت انہیںگرفتار کر لیا جس کے بعد انہیں بالترتیب سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں بھیج دیا گیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کپواڑہ پولیس نے کئی نارکوٹک اور نارکو ٹیرر ماڈیولز کا پردہ فاش کیا ہے اور اس سال کے دوران این ڈی پی ایس کے مختلف مقدمات میں کئی بدنام زمانہ منشیات فروشوںکو گرفتار کیا ہے۔ادھر کپواڑہ پولیس منشیات کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور نوجوانوں کو اس مہلک لت سے بچانے کے لیے سماجی برائیوں خاص طور پر منشیات کے استعمال کو روکنے میں لوگوں سے تعاون کی درخواست کی ہے۔