بجبہاڑہ میں کمسن بچہ ڈو ب گیا، خود کشی کرنے والے شہری کی لاش برآمد،
سرینگر / زوجیلا میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری تین سیاح جاں بحق ، بچہ شدید طورپر زخمی ۔ ادھر بجبہاڑہ میں کمسن لڑکا دریا میں ڈوب گیا جبکہ تین روز بعد زینہ کدل سے چھلانگ لگانے والے شخص کی لاش برآمد ۔علاوہ ازیں ڈوڈہ حادثے میں نوجوان جاں بحق ۔ یو پی آئی کے مطابق زوجیلا پاس پر منگل کے روز اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب ایک ٹاٹا سومو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کرگہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار سیاح زخمی ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے تین سیاحوں کو مردہ قرار دیا جبکہ کمسن بچے کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھر حسن پورہ بجبہاڑہ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب دریائے جہلم کے کنارے کھیل کود میں مصروف ایک بچہ پیر پھسل جانے کے نتیجے میں دریا میں جاگرا۔ نمائندے نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے فوری طورپر بچے کو پانی سے باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا تا ہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ جوں ہی کمسن لڑکے کی لاش اس کے آبائی گاوں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔ بعدازاں اسے پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔ ادھر زینہ کدل میں تین روزقبل دریاجہلم میں کودنے والے معمر شہری کی لاش منگل کے روز برآمد کی گئی۔ قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی ہے۔ ادھر ڈوڈہ میں ایکو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں مقامی نوجوان جاں بحق ہوا ہے۔













