کچھ عرصہ سے بار بار یہ شکایتیں آرہی تھیں کہ بیشتر سرکاری کاموں میں استعمال کیا جانے والا میٹریل وغیرہ معیاری نہیں ہوتا ہے یا درکار میٹریل کی پوری مقدار تعمیراتی کاموں میں استعمال نہیں کی جارہی ہے ۔کئی ایک مثالیں ہمارے سامنے ہیں ۔ہمارے یہاں لوگ بار بار اس قسم کی شکایتیں کرنے لگے ہیں کہ سڑکوں کی تعمیر و تجدید کے لئے جو میٹریل استعمال کیا جاتا ہے وہ مبینہ طور معیاری نہیں ہوتاہے چنانچہ معمولی سی بارشوں اور برفباری کے بعد سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوجاتی ہے ۔شہر کے علاوہ گاﺅں میں اس وقت بھی بیشتر سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے ۔میگڈم اکھڑ گیا ہے ۔روڈی باہر نکل آئی ہے اور سڑکوں کے بیچوں بیچ بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں ۔کسی سڑک کی تعمیر و تجدید یا مرمت کے علاوہ فٹ پاتھ بنانے کے دوران اگر سڑکوں کی حالت بگڑ جاے گی تو اس بارے میں کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا ہے لیکن بھاری سرمایہ خرچ کرنے کے بعد جب سڑکوں کی حالت بگڑ جاتی ہے تو لوگوں کا احتجاج حق بجانب ہوتاہے ۔جیسا کہ اوپر کہا گیا ہے کہ معمولی سی بارشوں اور برفباری سے سڑکوں کی حالت بگڑ جاتی ہے ۔لوگوں نے بار بار میڈیا کے ذریعے یہ معاملہ متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا ہے ۔لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے ۔اب کل ہی میڈیا ذرایع کے مطابق حکومت نے پُلوں ،سڑکوں اور عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ اور تارکول یعنی میگڈم کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔اس مقصد کے لئے ڈیزائین ،معاینہ اور کوالٹی کنٹرول محکمے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے تاکہ اس کے ذمہ جو کام سونپا جاے گا اسے یہ محکمہ بحسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچاسکے ۔میڈیا نے اس حوالے سے جو اطلاعات فراہم کی ہیں ان کے مطابق انتظامیہ نے سڑکوں ،پلوں اور دیگر عمارتوں کے آڈٹ کے نظام کو مستحکم کرنے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عمارتوں اور پُلوں کے ڈیزائینوں کی جانچ کے طریقہ کار سمیت تار کول یعنی میگڈیم کے معیار کی جانچ کے لئے درکار سازو سامان میں اضافے کے لئے ماہر انجنئیروں کی ٹیم کو اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔محکمہ تعمیرات عامہ کی تنظیم نو کے بعد ڈیزائین ،معاینہ اور کوالٹی کنٹرول محکمے کے موجودہ ڈھانچے کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔چیف انجنئیروں کا اعلیٰ سطحی پینل ڈیزائین ،معاینہ ،اور کوالٹی کنٹرول محکمے کا جائیزہ لے گا۔اور اس ادارے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کی سفارش کرے گا۔غرض یہ سب اسلئے کیا جارہا ہے تاکہ سرکاری طور پر پلوں ،عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیرات کے لئے استعمال کئے جانے والے میٹریل کا جائیزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس کی پائیداری کے بارے میںکسی کو شک و شبہات ظاہر کرنے کی گنجایش نہ رہے ۔ ۔اس عمل کے دوران فائیر سیفٹی آڈٹ ،پائیداری اور استعمال شدہ میٹریل کی نوعیت کا بھر پور جائیزہ لیا جاے گا۔یہ ایک بہترین قدم ہے اور دیر آید درست آید کے مصداق اس اقدام سے سرکاری کاموں کے بارے میں کسی کو انگلی اٹھانے کا موقعہ نہیں ملے گاجبکہ انسانی جانوں کے اتلاف کے امکانات بھی ختم ہوسکتے ہیں۔