چیف سیکریٹری اور سیکریٹری سیاحت دونوں افسروں نے سرمائی سیاحت کے بارے میں بتایا کہ آنے والے کرسمس ،نئے سال کی تقریبات اور برفباری کے دوران بڑے پیمانے پر یہاں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو مزید دلکش بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس سیزن میں یہاں آسکیں ۔انہون نے کہا کہ جموں کشمیر خاص طور پر وادی کشمیر سیاحت کے لحاظ سے ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ حکومت سیاحتی مقامات کو کس قدر خوبصورت بنانے میں دلچسپی لے رہی ہے ۔اس دوران سیکریٹری ٹوارزم نے کہا کہ آنے والے تیوہارات اور برفانی کھیلوں کا سیزن حکومت کے لئے ایک چلینج ہے جس سے نمٹنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرسمس اور نیوایرئس ڈے منانے کے لئے ابھی سے سیاحوں کی بھاری تعداد سیاحتی مقامات پر پہنچ چکی ہے اور یہاں ان کی ہر آسایش اور آرام کا بھر پور خیال رکھا گیا ہے ۔خاص طور پر ان جگہوں یعنی نئے سیاحتی مقامات میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جارہا ہے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ آسکے اور وہ یہاں کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوسکیں ۔کشمیری عوام کے لئے یہ اطمینان کا مقام ہے کہ حکومت نے یہاں مزید کئی نئے سیاحتی مقامات کو کھوج نکالا ہے جہاں سیاحوں کی بھاری تعداد جاتی ہے اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوجاتی ہے ۔ان سیاحوں کو ایسے مقامات جن کو حالیہ ایام میں کھوج نکالا گیا میں کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آسکے اسلئے ان جگہوں پر ابتدائی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی کوششوں کاآغاز ہواہے ۔کرسمس ،نئے سال کا آغاز اور سرمائی کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کا خاص رش گلمرگ میں رہتا ہے ۔اس قدرتی چراگاہ میں سیاح زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں اس کے لئے حکومت کو گلمرگ کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔صحت و صفائی کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسوں میں گرم پانی اور گرمی کا انتظام ہونا چاہئے ۔چوبیس گھنٹے ٹرانسپورٹ سہولیات بھی میسر ہونی چاہئے ۔تاکہ ایمر جنسی کی صورت سیاحوں کو ہسپتال وغیرہ پہنچادیا جاے ۔ٹنگمرگ سے گلمرگ تک پرائیوٹ گاڑیوں کو برفباری کے دوران چلنے نہیں دی جانی چاہئے تاکہ حادثات کی روک تھام ہوسکے صرف ان ہی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جانی جن کے دو پہیوں پرزنجیریں باندھی ہوئی ہوں ۔کیونکہ ان گاڑیوں کے نتیجے میں حادثات کی شرح بہت کم رہ سکتی ہے ۔درنگ میں بھی سیاحوں کی آسایش و آرام کاخیال رکھا جاناچاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹورسٹ اس مقام کی سیاحت کرسکیں ۔اس کے ساتھ ہی پہلگام ،سونہ مرگ اور یوسمرگ کو بھی جاذب نظر بنانے اور خاص طور پر سرمائی ایام میں وہاں جانے والے سیاحوں کی سہولیات کا خاص خیال رکھاجانا چاہئے تاکہ وادی کی معیشت کو استحکام حاصل ہوسکے اور اس صنعت سے وابستہ لوگوں کی روزی روٹی بھی چل سکے ۔