سری نگر کے ریذیڈنسی روڑ پر واقع کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن شبانہ آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوا ہے۔ آئی جی کشمیر نے جائے موقع کا دورہ کیا اور وہاں پر آگ سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔ اطلاعات کے مطابق سری نگر میں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کے جزوی طور پر آگ لگنے کے دو دن بعد، پولیس تھانہ کوٹھی باغ کو گزشتہ رات آتشزدگی کے واقعے میں نقصان پہنچاہے۔حکام کے مطابق سٹی سینٹر لال چوک میں واقع پولیس اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے جس سے اسے جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے فائر فائٹرز حرکت میں آئے اور جلد ہی آگ پر قابو پالیا۔یاد رہے کہ وادی میں بڑھتے آتشزدگی کے واقعات کے درمیان بدھ کے روز، ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر کو آگ لگنے سے جزوی نقصان پہنچا۔ آگ سے ہیڈ کوارٹر کی اوپری منزل کو نقصان پہنچا اور ٹریفک کنٹرول روم میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ جس نے عمارت کا فائر آڈٹ کیا تھا نے کہا کہ ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر کے حکام نے فائر سیفٹی کی سفارشات کو نظرانداز کیا ہے۔دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے جمعے کے روز کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن کو آگ سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی کو بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔