گرفتار شدگان سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ
پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ ایک خصوصی آپریشن کے دوران ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ 2سرگرم جنگجوﺅں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔ گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے اور کئی اہم انکشافات متوقع ہے ۔اطلاعت کے مطابق پولیس نے سوموارکے روز وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں لشکر طیبہ کے دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سنگر گنڈ بڈگام میں ایک خصوصی کارروائی کے دوران پولیس اور فوج کی 62آر آر نے مشترکہ آپریشن میں لشکر طیبہ سے وابستہ 2سرگرم جنگجوﺅں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جن کی شناخت وسیم احمد گنائی ولد شہزاد احمد گنائی ساکن رام نگری شوپیاں اور اقبال اشرف شیخ ولد محمد اشرف شیخ ساکن سیڈو شوپیاں کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے جس میں 1چینی ساخت کا پستول،2پستول کے میگزین، 12گولیوں کے راونڈ، کے علاوہ اے کے 47بندوق کے 32زندہ کارتوس برآمد کرلئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ان سے دیگر قابل اعتراض مواد بھی ضبط کرلیاگیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں جنگجوﺅں سے پوچھ تاچھ شروع کردی گئی ہے اور پوچھ تاچھ کے دوران ان کی جانب سے اہم انکشافات متوقع ہے ۔ اس ضمن میں بڈگام پولیس سٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج لیا گیاہے ۔