وزیراعظم نے30 لاکھ کروڑ روپے کی برآمدات پر مسرت کا اظہار کیا
نئی دہلی: ۷۲ مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے آیوش اسٹارٹ اپ اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے ساتھ جلد ہی دنیا بھر میں چھا جائیں گے۔ مسٹر مودی نے آل انڈیا ریڈیو پر’ من کی بات‘ پروگرام میں کہا کہ آیوش اسٹارٹ اپ میں ایک اسٹارٹ اپ ہے کپیوا۔ یہ اسٹارٹ اپ ہماری روایات کے مطابق ہیلتھی ایٹنگ ہیبٹ پر مبنی ہے۔ ایک اور اسٹارٹ اپ بھی ہے، نیروگ- اسٹریٹ۔ اس کا ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم دنیا بھر کے آیورویدک ڈاکٹروں کو براہ راست لوگوں سے جوڑتا ہے۔ پچاس ہزار سے زیادہ پریکٹیشنرس اس سے وابستہ ہیں۔ اسی طرح،اکڑورِیَل نے نہ صرف اشوگندھا کے استعمال کے بارے میں بیداری پھیلائی ہے بلکہ ایک معیاری پروڈکٹ پر بھاری رقم کی سرمایہ کاری بھی کی ہے۔ وہ ہندوستان کے نوجوان صنعت کاروں اور ہندوستان میں پیدا ہونے والے نئے امکانات کی علامت ہیں۔ دریں اثناءوزیر اعظم نریندر مودی نے ملک سے 400 ارب ڈالر یعنی 30 لاکھ کروڑ روپے کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ پہلی بار سننے میں لگتا ہے کہ یہ معیشت سے جڑا معاملہ ہے، لیکن یہ معیشت سے بڑھ کر ہندوستان کی صلاحیت کا معاملہ ہے۔کبھی ہندوستان سے برآمدات کا حجم 100 ارب، کبھی 150 ارب، کبھی 200 ارب تک ہوتا تھا،اب آج ہندوستان 400 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ ہندوستان میں بنی مصنوعات کی مانگ پوری دنیا میں بڑھ رہی ہے، دوسرا مطلب یہ ہے کہ ملک کی سپلائی چین روز بروز مضبوط ہو رہی ہے اور اس کا ایک بہت بڑا پیغام بھی ہے۔ ملک اس وقت بڑے قدم اٹھاتا ہے جب خوابوں سے بڑے عزم ہوں۔ جب عزائم کیلئے دن رات مخلصانہ کوشش ہوتی ہے تو وہ عزائم بھی ثابت ہوتے ہیں۔