ریل روکنے کا فیصلہ لوگوں کے تحفظ کےلئے لیا گیا ۔ حکام
سرینگر/27مارچ/ریلوے حکام کشمیر نے اتوار کے روز بتایا کہ وسطی کشمیر کے چٹہ بگ علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں کے حملے میں ایس پی او اور ان کے بھائی کی ہلاکت کے پیش نظر احتیاطی طور پر بانہال سے بارہمولہ ٹرین خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے سنیچر وار کی شام کو وسطی ضلع بڈگام کے چٹہ بگ علاقے میں نامعلوم بندوق برداروںنے ایک ایس پی کو ہلاک کیا جبکہ حملے میں اس کا بھائی زخمی ہوا تھا جو اتوار کی صبح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ اس صورتحال کے پیش نظر کشمیر ریلوے نے اتوار کے روز بانہال ،بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات کو عارضی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دونوں کی رہائش گاہ ریلوے ٹریک کے قریب ہے اور یہ فیصلہ لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ریل سروس کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر معطل نہیں کیا گیا بلکہ متوفین کا گھر ریلوے ٹریک کے قریب ہی ہے اور نماز جنازہ میں شریک ہونے والے لوگ ریلوے ٹریک پر ہی بیٹھے تھے ۔ ایس ایس پی ریلوے نے ایک بیان میں کہاکہ لوگوں کو کسی غیر ضروری نقصان سے بچنے کے لیے ٹرین کو صرف روکا گیا ہے۔ ایک بار ٹریک صاف ہو جانے کے بعد ٹرین کی خدمات دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔