ماحول دوست الیکٹرانک بسیں جدید سہولیات سے لیس ہوں گی
جموں کشمیر کے ماحول کے موافق الیکٹرنکس بسیں جلدی ہی جموں اور سرینگر کے شہروں میں دوڑتی نظر آئیں گی ۔ اس سلسلے میں سرکار نے بتایا ہے کہ دو شہروں میں ایک ساتھ 200الیکٹرک بسیں چلانے کےلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ یہ بسیں ریل ٹائم ٹریکنگ سسٹم سمیت دیگر جدید سہولیات سے لیس ہوں گی اور یہ ماحول دوست بھی ہیں ۔ ان بسوں سے ماحولیات کو کوئی نقصان پہنچنے کا کوئی اندیشہ نہیں ہے ۔اطلاعات کے مطابق ایل جی حکومت نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے دونوں دارالحکومتوں کے شہروں میں ریئل ٹائم ٹریکنگ سسٹم سمیت جدید ترین سہولیات سے لیس 200 الیکٹرک بسوں کا سفر شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ہفتہ کے روز ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں اور سرینگر میں ہر ایک شہر میں 100 ماحول دوست بسیں متعارف کرانے کے اقدام کا مقصد فضائی اور صوتی آلودگی اور فوسل فیول پر انحصار کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔عہدیدار نے کہا کہ بسیں مرکزی اسکیم فاسٹر ایڈاپشن اینڈ مینوفیکچرنگ آف ہائبرڈ اینڈ ای وی (FAME II) کے دوسرے مرحلے کے تحت خریدی جائیں گی، اور خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔اہلکار نے مزید کہا کہ ہائی ٹیک بسوں کے متعارف ہونے سے آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا کیونکہ نقل و حمل کے آپریشنل نیٹ ورک میں زیادہ قابل عمل اور منافع بخش راستے شامل کیے جائیں گے۔یہ بسیں ریئل ٹائم پیسنجر انفارمیشن سسٹم (پی آئی ایس)، ایمرجنسی کے لیے ہیلپ کے بٹن، خودکار بس وہیکل لوکیشن سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے، پبلک ایڈریس سسٹم، اسٹاپ ریکویسٹ بٹن اور مختلف ذرائع سے کرایوں کی آن لائن وصولی جیسی جدید خصوصیات سے لیس ہوں گی۔اہلکار نے کہابسوں کا انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم جموں اسمارٹ سٹی لمیٹڈ اور سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ بیک وقت منسلک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرایہ مختلف اختیارات جیسے کیش، سمارٹ کارڈز اور کیو آر کوڈز کے ذریعے جمع کیا جائے گا۔عہدیدار نے کہا کہ ان بسوں کے لیے شہر کی سطح پر ایک آن لائن مانیٹرنگ پلیٹ فارم بنایا جائے گا جس میں متعلقہ پیرامیٹرز کی نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) 30 اپریل تک آئی ٹی ایم ایس کو شروع کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آن لائن ٹکٹ بکنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔