پُر اسرار دھماکے کے بعد جموں اور دیگر حساس مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی گئی
جموں کے ادھم پورہ ضلع میں بدھ کے روز اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب سلاتھیہ چوک میں پُر اسر ار دھماکے میں ایک شہری کی موت واقع ہوئی جبکہ 15سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں مکیش سنگھ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ آئی ای ڈی دھماکہ تھا جموں سے نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ادھم پورہ کے سلاتھیہ چو ک علاقے میں بدھ کی اعلیٰ الصبح اس وقت افر ا تفری کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں پُر اسر ار طور پر ایک زور دار دھماکہ ہوا ۔ عینی شاہدین کے مطابق سلاتھیا چوک میں قریب پونے ایک بجے زور دار دھماکہ ہوا جس کے سبب متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو گیا۔معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کی آواز قریب دو کلومیٹر دائرے تک سنائی دی گئی۔ دھماکے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے واردات پر پہنچ گئے جنہوں نے پورے حالات کا جائیزہ لیا جبکہ اس معاملے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں بدھ کو پُر اسر ار طور پر ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میںایک شہری کی موت ہوئی جبکہ 15دیگر زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئیں ہے ۔