جینوا/ ایجنسیز/عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کرانے کے باوجود کورونا میں مبتلا ہونے کا خطرہ ٹلا نہیں ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس ایڈہینم نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا ہے کہ ویکسین شدہ افراد بھی ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ اختیار کریں اور ہجوم سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کا مستقبل میں کورونا وائرس کی وبائ کی نئی لہر سے بچنے کے لیے اقدامات یقینی بنانا اہم ہے۔ سربراہ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ بہت سے ممالک اور کمیونیٹیز میں غلط تصور ہے کہ ویکسین نے کورونا وائرس کی وباءکو ختم کر دیا ہے اور ویکسین شدہ افراد کو احتیاطی تدابیر کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویکسینز جان بچاتی ہیں، مگر کورونا وائرس کو منتقلی سے مکمل طور پر نہیں روکتیں، ویکسین شدہ افراد میں کورونا سے شدید بیمار ہونے یا مرنے کا خطرہ بہت کم ہو جاتا ہے، لیکن کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور دوسروں کو متاثر کرنے کا خطرہ برقرار رہتا ہے۔ ٹیڈ روس نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں رپورٹ ہوئے کورونا کیسز میں سے 60 فیصد یورپ میں پائے گئے، جب یورپ دوبارہ کورونا وائرس کی وبائ کا مرکز بن گیا ہے تو کوئی ملک بھی اس خطرے سے خالی نہیں ہے۔