نئی دہلی(یو این آئی) ملک میں جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز کی کمی کے درمیان جمعرات کو 9 ہزار سے زائد نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔ اس دوران وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دس ہزار سے زائد ہو گئی ۔ بدھ کی آدھی رات تک ملک میں کورونا وائرس کے 9119 نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 45 لاکھ 44 ہزار 882 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 90 لاکھ 27 ہزار 638 افراد کو کورونا سے بچا¶ کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب 19 کروڑ 38 لاکھ 44 ہزار 741 افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ روز 10264 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 39 لاکھ 67 ہزار 962 ہو گئی ہے ۔ کورونا کے ایکٹیو کیسز 1541 سے گھٹ کر 109940 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 396 مریضوں کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 66 ہزار 980 ہو گئی ہے ۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 0.32 فیصد، صحت یابی کی شرح 98.33 فیصد اور اموات کی شرح 1.35 فیصد ہے ۔