گولی لگنے سے زخمی ہوا فوجی جوان دم توڑگیا
مزید کمک طلب ،2سے3دہشت گرد موجود،آپریشن جاری: وائٹ نائٹ کور
سری نگر/ جموں وکشمیرکے پہاڑی ضلع کشتواڑ کے سنگھ پورہ چھاترﺅ علاقے میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسزکے درمیان جھڑپ جاری ہے جبکہ ابھی تک طرفین کے درمیان ہونے والی گولی باری کے تبادلے میں ایک فوجی جوان گولی لگنے سے زخمی ہونے کے بعد چل بسا ۔حکام نے بتایاکہ کچھ دہشت گردوںکی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی فوج کی2پیرا،11آرآر،7ویں آسام رائفلز اور ایس او جی کشتواڑ کے دستوں بدھ کو رات دیر ضلع کشتواڑ کے سنگھ پورہ چھاترﺅ علاقے کا محاصرہ مکمل کیا۔انہوںنے کہاکہ جمعرات کو علی الصبح تقریباً7بجے سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں(جن کی تعداد دوسے تین ہے)کے درمیان تصادم شروع ہوا ۔فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ جمعرات کی صبح کشتواڑ کے چھترو میں پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں، اور دہشت گردوں کو بے اثر کرنے کےلئے آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق دو سے تین دہشت گرد علاقے میں چھپے ہوئے ہیں۔حکام نے بتایاکہ جیسے ہی سیکورٹی فورسز مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئےدہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہو گیا۔ انہوںنے بتایاکہ دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری تصادم کے دوران ایک فوجی زخمی ہوا۔مزید کمک کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا ہے، اور علاقے کو سخت گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر فوج کی نائٹ کور نے لکھاکہ جاری آپریشن کے دوران، شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔فوج کی وائٹ نائٹ کور نے کہاکہ فائرنگ کے تبادلے میں ہمارے بہادروں میں سے ایک شدید زخمی ہوا اور بہترین طبی کوششوں کے باوجود دم توڑ گیا۔














