نئے اوقات کار پیر 26مئی سے نافذ العمل
تمام تعلیمی اداروں کےلئے عمل لازمی،انحراف ناقابل قبول:ناظم تعلیم کشمیر
گرمی کی لہر برقرار رہتی ہے تو مختصرگرمائی چھٹیوں پرہوگاغور:شانت مانو
سری نگر:/ جاری گرمی کی لہر کے درمیان، جموں و کشمیر حکومت نے کشمیر وادی کے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے اسکولی اوقات میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔نئے اوقات کار پیر 26مئی سے نافذ العمل ہوں گے۔کچھ حلقوں کی جانب سے موسم گرما کی مختصر تعطیلات کامطالبہ بھی سامنے آیاہے،اور یہ مطالبہ بھی حکومت کے زیرغورہے۔جے کے این ایس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے جاری کردہ ایک سرکاری حکم کے مطابق، سری نگر میونسپل حدود میں واقع تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکول اب صبح ساڑھے8بجے سے دوپہر2بجکر30منٹ تک چلیں گے، جب کہ سری نگر ضلع کی میونسپل حدود سے باہر اور کشمیر صوبے کے دیگر علاقوں کے تمام اسکول صبح9 بجے سے دوپہر3 بجے تک نظر ثانی شدہ اوقات پر عمل کریں گے۔آرڈر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نیا شیڈول تمام تعلیمی اداروں کےلئے پابند ہے اور خبردار کیا گیا کہ کسی بھی انحراف کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب کشمیر سال کے اس وقت غیر معمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کر رہا ہے۔اسے پہلے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں گرمی کی لہر کے پیش نظر وہ آنے والے پیر26مئی سے اسکول کا وقت تبدیل کریں گے۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ میں نے پہلے ہی محکمہ سکول ایجوکیشن کو گرمی کی لہر کے پیش نظر سکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی ہدایت کر دی ہے۔انہوںنے کہاکہ مجھے والدین کی طرف سے اطلاع ملی ہے کہ ان کے بچوں بچیوں کواسکولوںمیں ہونے والی صبح کی اسمبلی میں چکر آتے ہیں ۔سکینہ ایتو نے مزید کہاکہ پیر سے اسکولوں کا وقت تبدیل کردیا جائے گا اور میں نے متعلقہ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ صبح کی اسمبلی کھلے میدان میں نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک گرمیوں کی چھٹیوں کا تعلق ہے تو ہمیں اس کےلئے مناسب وقت کا انتظار کرنا پڑے گا۔قابل ذکرہے کہ اسکولی اوقات کارمیں تبدیلی کااعلان کئے جانے کے باوجود تاحال محکمہ اسکولی تعلیم نے اسکول کھلنے اور بند ہونے کے وقت کا شیڈول جاری نہیں کیاہے