31سالہ معذور شخص کی دم گھٹنے سے موت
5منزلہ کمرشل عمارت اور 4 رہائشی مکانات خاکستر،کروڑوں کانقصان
بارہمولہ،سری نگر /شمالی کشمیرکے بارہمولہ قصبہ کے مضافاتی علاقے بنرجانبازپورہ میں آگ کی ایک واردات میں 2منزلہ رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا جبکہ اندر موجود 31سالہ معذور شخص کی دم گھٹنے سے موت واقعہ ہوگئی ۔ادھر شہر خاص کے ملارٹہ بہوری کدل میں جمعہ کی صبح آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں5منزلہ کمرشل عمارت اور 3 رہائشی مکانات خاکسترہوگئے اورکروڑوں روپے مالیت کی املاک،کاروباری اور گھریلو سامان کو بھاری نقصان پہنچا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بنرجانبازپورہ بارہمولہ میں جمعہ کو علی الصبح تقریباًساڑھے 4بجے ایک مکان سے آگ نمودار ہوگئی ۔مقامی لوگوں کے جمع ہونے تک پورا 2منزلہ مکان شعلوںکی لپیٹ میں آچکاتھا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ فائر اور ایمرجنسی سروس کے پہنچنے سے قبل دومنزلہ مکان پوری طرح سے آگ کی لپیٹ میں آچکاتھا اور اندرموجود 31سالہ معذور شخص کی دم گھٹنے سے موت واقعہ ہوگئی ،جس کی شناخت زبیر سراج ولد محمد سراج کے بطور ہوئی ہے ۔ معذور شخص کی جھلسی نعش کو فائر اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروںنے ملبے سے نکالا ۔پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران سری نگر کے علاقے ملارٹہ بہوری کدل میں جمعہ کی صبح ایک5منزلہ کمرشل عمارت اور 3 رہائشی مکانات کو تباہ کن آگ نے بھاری نقصان پہنچایا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ تباہ کن آگ جمعہ کی صبح تقریباً4 بجے نمودار ہوئی ، جس نے ایک پانچ منزلہ کمرشل عمارت اور 3 رہائشی مکانوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر اور ایمرجنسی سروس کی آگ بجھانے والی ٹیمیں علاقے میں آگ پر قابو پانے کیلئے موقع پر پہنچ گئی، تاکہ اسے مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔کافی مشقت کے بعد فائر اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروںنے آگ پر اب قابو پا لیالیکن مقامی لوگوں کے مطابق آگ کی اس ہولناک واردات کے نتیجے میں5منزلہ کمرشل عمارت اور 3 رہائشی مکانات خاکسترہوگئے اورکروڑوں روپے مالیت کی املاک،کاروباری اور گھریلو سامان کو بھاری نقصان پہنچا ۔ حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔














