ہندوپاک افواج کے مابین بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ
سرحدوں پر امن کے وسیع تر مفاد میں جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے پر اتفاق
جموں/حکام نے بتایاکہ ہندوستان اور پاکستان نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ سرحد پار سے فائرنگ اور آئی ای ڈی حملے کے کئی حالیہ واقعات کے بعد کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش میں ایک فلیگ میٹنگ کی۔جے کے این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ہندوپاک افواج کے مابین بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ کے علاقے میں ہوئی جس میں دونوں اطراف نے سرحدوں پر امن برقرار رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔انہوں نے بتایا کہ75 منٹ طویل میٹنگ جمعہ کی صبح11 بجے کے قریب شروع ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقوں نے سرحدوں پر امن کے وسیع تر مفاد میں جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے پر اتفاق کیا۔25 فروری 2021 کو دونوں ممالک نے ایک معاہدے کی تجدید کے بعد سے جموں و کشمیر کی سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں شاذ و نادر ہی ہوئی ہیں۔11 فروری2025 کو جموں خطے کے اکھنور سیکٹر میں مشتبہ دہشت گردوں کی طرف سے کئے گئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) حملے میں ایک کیپٹن سمیت2 ہندوستانی فوج کے اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔10اور14 فروری 2025 کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول کے پار سے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں 2فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے، جبکہ پونچھ میں گزشتہ ہفتے کے دوران الگ الگ بارودی سرنگ کے دھماکوں میں2 اور فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔جوابی کارروائی میں پاکستان کی جانب سے ہونے والے نقصان کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا لیکن حکام نے بتایا کہ دشمن کی افواج کو بھی بھاری جانی نقصان پہنچا۔














