سوکھی زمین اوربے جان آبی ذخائرمیں نئی جان
گلمرگ، کوکرناگ ،بھدرواہ ،بانہال اور بٹوٹ میں رات کادرجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے
24فروری تک موسم ابرآلودمگر خشک،25سے 28فروری کے دوران برف و باراں متوقع
سری نگر/جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں طویل عرصے کے بعد برفباری سے پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں،گھروں ،دیگرعمارات اور درختوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ جبکہ کشمیر اورجموں کے میدانی علاقوںمیں ہلی سے درمیانی درجے کی بارشوںنے زمین اور آبی ذخائرمیں نئی جان ڈال دی۔اس دوران تازہ برف وباراں کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی اور کشمیرمیں گلمرگ اور کوکرناگ کے علاوہ جموں خطے میں بھدرواہ ،بانہال اور بٹوٹ میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے در ج ہوا۔ جے کے این ایس کے مطابق وادی کشمیر میں طویل عرصے تک مسلسل خشک موسم رہنے کی وجہ سے ندی بالے اور چشمے سوکھ گئے تھے، جس کی وجہ سے وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی،تاہم محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی رات سے ہی وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں شروع ہوگئی جو جمعرات کورات دیر گئے تک جاری رہیں۔گلمرگ ،سونہ مرگ ،ذوجیلا ،گومری ،منی مرگ، دراس ،پہلگام اور ضلع کپوارہ کے بالائی علاقوں کرناہ ،کیرن اور مژھل میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ پورے کشمیرمیںبارشوں کاسلسلہ جاری رہا ۔تاہم موسمیاتی مرکزسری نگرکے اعدادوشمارکے مطابق کشمیر میں 9ملی میٹر سے 27ملی میٹر تک ہی بارش ریکارڈ کی گئی ،جو توقع یا ضرورت سے کافی کم ہے ۔تازہ برفباری سے سیاحوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔ سیاح برفباری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔واضح رہے، گلمرگ میں ناکافی برفباری کی وجہ سے کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2025 کو اگلے احکامات تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ تازہ برفباری کے بعد انتظامیہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کر سکتی ہے۔اُدھر وادی چناب کے بالائی مقامات پر برف باری کیساتھ ساتھ جموں خطے کے بیشتر علاقوںمیں درمیانی سے بھاری بارش ہوئی ۔ موسمیاتی مرکزسری نگرکے اعدادوشمارکے مطابق جموں خطے میں23ملی میٹر سے 48ملی میٹر تک ہی بارش ریکارڈ کی گئی۔دریں اثناءموسمیاتی مرکزسری نگر نے اپنی تازہ موسم کاری میں بتایاکہ 24فروری تک جموں وکشمیرمیں موسم ابرآلودمگر خشک رہے گا ،تاہم 25سے 28فروری کے دوران کشمیر وادی اور جموں ڈویژن میں زیادہ تر مقامات پر بھاری بارش اوربرف باری متوقع ہے۔














