مرکزی حکومت جموں و کشمیر سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کرنے کےلئے پرعزم : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ
صفردراندازی اور خاتمہ دہشت گردی ہدف
کہا دہشت گردی کی فنڈنگ کو روکنے کیلئے منشیات کی تجارت پرروک لگانے کیلئے سیکورٹی ایجنسیاں متحرک ہوں
سرینگر/ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو نئی دہلی میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی دوسری جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جبکہ پہلی میٹنگ منگل کی شام منعقد ہوئی تھی۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ جائزہ میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری گووندموہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹرتپن دیکا، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اتل ڈلو اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین بھارت کے علاوہ وزارت داخلہ اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کل یعنی منگل کو بھی جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اہم جائزہ میٹنگ کی جس میں آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، ہوم سکریٹری اورمرکزی وزارت داخلہ اور فوج کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔پریس انفارمیشن بیورﺅPIBکے مطابق بدھ کو منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی مسلسل اور مربوط کوششوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا ماحولیاتی نظام نمایاں طور پر کمزور ہوا ہے۔ وزیر داخلہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ ’زیرو دراندازی‘کے ہدف کےلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تیز کریں۔ انہوں نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ دراندازی اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر بے رحمانہ انداز میں مزید سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے وجود کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہمارا ہدف ہونا چاہیے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ نارکو نیٹ ورک دراندازوں اور دہشت گردوں کو اپنی سرگرمیاں انجام دینے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ امت شاہ نے ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ نئے فوجداری قوانین کے بروقت نفاذ کے پیش نظر فارنسک سائنس لیبارٹری (FSL) کے عہدوں پر نئی تقرری کریں۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے دہشت گردی کے خلاف مودی حکومت کی’زیرو ٹالرنس‘کی پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو چوکس رہنے اور جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے منظر نامے کے تمام پیرامیٹرز میں نمایاں بہتری لانے کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی۔














