وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے آج کہا کہ ان کی حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے اَپنی کوششوں میں ثابت قدم ہے کہ آرمی ویٹرنز کو تمام فوائد فوری اور بغیر کسی رکاوٹ کے فراہم کئے جائیں۔اِس یقین دہانی کا اعادہ وزیراعلیٰ نے جموں کے اکھنور میں نویں آرمڈ فورسز ویٹرنز ڈے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا اور اُنہوں نے وہاں قوم کے سابق فوجیوں کی بے لوث خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے سابق فوجیوں کی ضروریات کو پورا کرنے ، اُن کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور فوجیوں اور اِنتظامیہ کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا، ”آپ کا خیال رکھنا کوئی احسان نہیں ، یہ ہمارا فرض ہے۔ آپ کی بے پناہ خدمات ہمارے اِنتہائی احترام، شکر گزاری اور تعاون سے کم نہیں ہیں۔ حکومت جموں و کشمیراِس بات کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی کہ سابق فوجیوں کی فلاحی سکیموں کے ذریعے تمام فوائد بغیر کسی تاخیر اور رکاوٹ کے فراہم کئے جائیں۔“اُنہوں نے سابق فوجیوں پر بھی زور دیا کہ وہ سسٹم میں کسی بھی تشویش یا خلا کو اُجاگر کریں تاکہ اُنہیں فوری طور پر دور کیا جاسکے۔وزیرا علیٰ نے مزید کہا ،”اگر ہماری کوششوں میں کوئی چیلنج یا کمزوری ہے تو براہ کرم اُنہیں ہماری توجہ میں لائیں تاکہ ہم ان کو حل کرنے کے لئے مل کر کام کرسکیں۔ ہم اسی لگن کے ساتھ آپ کی خدمت کرنے کے لئے پُرعزم ہیں جو آپ نے ملک کی خدمت میں دکھائی تھی۔“اُنہوں نے ٹانڈا آرٹلری بریگیڈ میں منعقدہ نویں آرمڈ فورسز ویٹرنز ڈے میں شرکت کرنے والے سابق فوجیوں اور اُن کے اہل خانہ کے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شکریہ اَدا کیا اور ملک کی آزادی اور امن کے تحفظ میں سابق فوجیوں کے اہم رول پر زور دیا۔عمر عبداللہ نے سابق فوجیوں کی بے مثال وابستگی کو اُجاگر کرتے ہوئے اُن کی ہمت اور لگن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا، ”آپ نے اَپنی ذاتی بھلائی او رعظیم تر بھلائی کے خوابوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے ، قوم کو ہر چیز پر ترجیح دی۔آپ نے ہماری سرحدوں کی حفاظت کی وہیں آپ نے ہمیں امن کا انمول تحفہ بھی دیا۔ یہ آپ کی خدمت کی وجہ سے ہے کہ ہم رات کو آرام سے سوتے ہیں، یہ جانتے ہوئے کہ ہمارا ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔“اُنہوں نے یقین دلایا،” ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آپ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ہم ہر آپ کا ہر ممکن تعاون کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ آپ نے قوم کے تئیں اَپنا فرض عزت کے ساتھ نبھایا ہے۔اب ہماری باری ہے کہ ہم اپنا کام کریں۔“اِس سے قبل وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جموں کے اَکھنور میں 108 فٹ اونچا قومی پرچم لہرایا اور ایک ہیرٹیج میوزیم کا اِفتتاح کیا۔ اُن کے ساتھ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، چیف آف ڈیفنس سٹاف اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔














