نئی دہلی: ۲۱ جنوری (ایجنسیز) آسام کے دیما ہساﺅ ضلع میں سیلاب زدہ کوئلہ کان سے غوطہ خوروں نے مزید تین کانکن کی لاش نکال لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کان میں پھنسے مجموعی طور نو مزدوروں میں سے چار کی لاش برآمد ہو گئی ہے۔ پہلی لاش بدھ کو گوہاٹی سے قریب 250 کلومیٹر کی دوری پر ا±مرنگسو میں کان سے برآمد کی گئی۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ 4 کانکن ان 9 میں شامل تھے، جو 6 جنوری کو ا±مرنگسو واقع کان میں اچانک پانی بھر جانے کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔ افسر نے کہا کہ بچاو مہم پھر سے شروع کی گئی اور پھنسے ہوئے کانکنوں کی تلاش کے چھٹے دن 3 لاش برآمد کی گئی۔ نیپال کے رہنے والے ایک کانکن کی لاش 8 جنوری کو برآمد کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دن میں کان سے جن 3 مزدوروں کی لاش برآمد کی گئی، ان کی شناخت دیما ہساﺅ ضلع کے لگین مگر (27)، کوکراجھار ضلع کے خوشی موہن رائے (57) اور سونت پور ضلع کے سرت گویاری (37) کے طور پر کی گئی ہے۔ افسر نے مزید بتایا کہ دو دن تک کان سے پانی نکالنے کے بعد لاش پانی میں تیرتی ہوئی پائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ فوج، بحریہ اور این ڈی آر ایف کے غوطہ خوروں نے لاش کو باہر نکالا۔













