لکڑی لے جانے والی گاڑیوں کو روک کر زبردست جھڑپ شروع ہوگئی
امپھال: ۲۱ جنوری (ایجنسیز) منی پور کے کامجونگ ضلع میں گاو¿ں والوں نے آسام رائفلز کے ایک عارضی کیمپ پر حملہ کر کے اسے بری طرح نقصان پہنچایا۔ یہ واقعہ ہفتہ کو اس وقت پیش آیا جب آسام رائفلز کے جوانوں نے ہونگبی گاو¿ں میں لکڑی لے جانے والی گاڑیوں کو روک لیا تھا، جس کے بعد گاو¿ں والوں اور آسام رائفلز کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔ گاو¿ں والوں کا کہنا تھا کہ وہ لکڑی اپنے گھروں کی تعمیر کیلئے لے جا رہے تھے لیکن آسام رائفلز نے گاڑیوں کو روک دیا جس پر ان میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے کیمپ پر حملہ کر دیا۔ حملے کے بعد مقامی ایم ایل اے لیشیو کیشنگ نے آسام رائفلز کے اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی کوشش کی، تاہم کوئی حتمی حل نہیں نکل سکا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لکڑی کی نقل و حرکت کو روکنا محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہے، نہ کہ آسام رائفلز کی۔اس وقت گاو¿ں والے علاقے میں موجود ہیں اور حالات اب بھی کشیدہ ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے علاقے میں اضافی فورسز تعینات کر دی ہیں تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔ اس حملے کے نتیجے میں کیمپ کو کافی نقصان پہنچا ہے لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی لوگوں اور فورسز کے درمیان جاری تنازع نے علاقائی امن و امان کو متاثر کیا ہے اور حکومت سے جلد ہی اس مسئلے کا حل نکالنے کی امید کی جا رہی ہے۔














