30نومبر کی شام سے 2دسمبرکودیررات تک موسم ابتر
میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی مقامات پر ہلکی برف باری کاامکان
سری نگرمیں سردی کم،شوپیان،پہلگام ،گلمرگ اور سونہ مرگ سردترین مقامات
سری نگر//رتک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسمیاتی ماہرین نے 30نومبر کی شام سے 2دسمبرتک میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی مقامات پر برف باری کاامکان ظاہرکیا ہے ۔اس دوران پیر اور منگل کی درمیانی رات کشمیرکے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے بیچ شوپیان،پہلگام ،گلمرگ اور سونہ مرگ سردترین مقامات رہے ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی مرکز سری نگرنے منگل کو جاری موسم تازہ کاری میں بتایاکہ 26سے29نومبرتک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے جبکہ اس دوران آسمان صاف رہنے کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے ۔موسمیاتی مرکز نے تاہم بتایاکہ 30نومبرکو شام کے وقت الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اورہلکی برف باری ہونے کی توقع ہے۔جبکہ یکم دسمبر کو شام دیر گئے سے 2دسمبرتک بکھرے ہوئے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میںہلکی برف باری کاامکان ہے ۔موسمیاتی مرکز سری نگرنے مزید بتایاکہ اسکے بعد3سے6دسمبرتک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے ۔اس دوران وادی کشمیر میں شبانہ سرد ی کی شدت برقرار ہے۔پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگر،بارہمولہ اور کوکرناگ کو چھوڑ کر، دیگر موسمی مراکز پر رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہاجبکہ شوپیان،پہلگام ،گلمرگ اور سونہ مرگ سردترین مقامات رہے۔موسمیاتی مرکز سری نگرکے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔بارہمولہ میں کم ازکم پارہ 0.3اور کوکرناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔باقی سبھی میدانی اور اوپری علاقوںمیں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔موسمیاتی مرکز کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات قاضی گنڈ میں کم ازکم درجہ حرارت منفی0.8،پہلگام منفی2.7،کپوارہ میں منفی0.8،گلمرگ میں منفی2.4،بانڈی پورہ میں منفی1.3،پلوامہ میں منفی2.0،شوپیان میں منفی3.3،سونہ مرگ میں منفی2.4 اورگاندربل میں منفی0.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔












