1500کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک ہتھیاروں کو لے جانے کی صلاحیت موجود
نئی دہلی.ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے اڈیشہ کے ساحل کے قریب ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے پہلے ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔یہ ہائپرسونک میزائل مسلح افواج کے لیے ایک ہزار 5 سو کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک مختلف قسم کے ہتھیاروں کو لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔میزائل کو مختلف رینج سسٹمز کے ذریعے ٹریک کیا گیا جو مختلف شعبوں میں تعینات تھے ۔ ڈا¶ن رینج شپ اسٹیشنوں سے حاصل کردہ پرواز کے ڈیٹا نے کامیاب ٹرمینل مینورز اور انتہائی درستگی کے ساتھ بااثر ہونے کی تصدیق کی۔یہ میزائل ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام میزائل کمپلیکس، حیدرآباد کی لیباریٹریوں کے ساتھ ساتھ ڈی آر ڈی کی دیگر او لیباریٹریز اور صنعتی شراکت داروں کے تعاون سے مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے ۔ پرواز کے تجربے کا انعقاد ڈی آر ڈی او کے سینئر سائنسدانوں اور مسلح افواج کے افسران کی موجودگی میں کیا گیا۔ایک پوسٹ میں، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس پرواز کے تجربے کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے ، جس نے ہندوستان کو ان منتخبہ ممالک کے گروہ میں شامل کر دیا ہے جو اس طرح کی اہم اور جدید فوجی ٹیکنالوجیز کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ڈی آر ڈی او، مسلح افواج اور متعلقہ صنعت کو،میزائل کے کامیاب پرواز کے تجربے پر مبارکباد دی۔محکمہ دفاعی تحقیق و ترقی کے چیئرمین اور سیکرٹری ڈاکٹر سمیر وی کامت نے پوری ٹیم کو مبارکباد دی ہے جس نے اس کامیاب مشن میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔











