سرینگر / کشواڑ کے منجولہ علاقے میں دو دفاعی محافظین کی ہلاکت کے بعد علاقے میں دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔پولیس ، فوج کے سینئر آفیسران نے علاقے کا دورہ کیا اور آپریشن کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ یو پی آئی کے مطابق کشتواڑ کے منجولہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں دو ولیج ڈیفنس گارڈز کی ہلاکت کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسز نے کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی لی ۔ ذرائع کے مطابق فوج اور پولیس کے اضافی دستوں کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے جبکہ ڈرون اور کواڈ کیمروں کے ذریعے بھی علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس سربراہ نالین پربھات کو ہدایت دی کہ وہ کشتواڑ میں ہی فی الحال خیمہ زن رہے۔ انہوں نے پولیس سربراہ کو ہدایت دی کہ ہلاکتوں میں ملوث دہشت گردوں کو جلدازجلد انجام تک پہنچایا جائے۔ دریں اثنا دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے وی ڈی جی ممبر کو آج پر نم آنکھوں کے ساتھ اپنے آبائی گاوں میں سپرد لحد کیا گیا۔ اس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کوملے۔














