تازہ شہری ہلاکتوں کے بعد وادی میں سیکورٹی کا از سر نو جائزہ
سرینگر/09نومبر/سی این آئی// گزشتہ روز سرینگر میں ایک اور عام شہری کی ہلاکت کے بعد سرینگر شہر میں حفاظت کے بڑے پیمانے پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جبکہ لالچوک سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں فورسز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ اس دوران آج لالچوک میں بائک سواروں اور آٹو رکھشاﺅں کی تلاشی لی جارہی تھی اور مشکوک افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی جارہی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں شہری ہلاکتوں میں اگرچہ کچھ وقت تک ٹھہراﺅ آیا تھاتاہم گزشتہ رات ایک اور عام شہری کو نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار کر ہلاک کیا ۔ تازہ ہلاکت کے بعد سرینگر کے لالچوک اور دیگر علاقوں میں خاص کر شہر خاص میں سیکورٹی کے سخت اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔ لالچوک میں موٹر سائیکل سواروں اور آٹو رکھشاﺅں کی تلاشی لی جارہی تھی جبکہ لالچوک کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی ایک بار پھر موٹر سائکل سواروں کو روک کر ان کی تلاشی کا عمل دن بھر جاری رہا ۔ اس کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی جارہی تھی ۔ ادھر باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وادی کشمیر میں تازہ ہلاکتوں کے بعد حفاظتی ایجنسیوں کے افسران جن میں پولیس ، سی آر پی ایف اور دیگر فورسز کے اعلیٰ افسران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ہلاکتوں کے سلسلے پر تشویش کاظہار کیاگیا اور وادی خاص کر سیکورٹی انتظامات کو نئے سرے سے جائزہ لیا گیا ۔ ادھر حساس علاقوں میں فورسز اور پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا اور جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے ہیں۔














