منصفانہ اور شفاف طریقے سے انتخابات کے انعقاد کےلئے ضابطہ اخلاق پر عمل ضروری ۔ ڈی ای او سرینگر
سرینگر/ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے رہنما خطوط کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے آج سری نگر میں حکام نے ایک سرکاری ملازم کو معطل کر دیا۔اس سلسلے میں جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کے پی ڈی سی ایل میں جونیئر لائن مین کے طور پر تعینات غلام محمد میر نامی ایک سرکاری ملازم سیاسی پارٹی کے اجلاسوں میں شرکت اور سہولت فراہم کرتے ہوئے ایم سی سی کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا ۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘مذکورہ ملازم کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ تمام سیاسی جماعتوں کے حق میں برابری کا میدان فراہم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعہ جاری کردہ رہنما خطوط کا ایک مجموعہ ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے کے دن اور وقت سے ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہوتا ہے اور انتخابی نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی عمل کی تکمیل تک عمل میں رہتا ہے۔ضلع الیکشن آفیسر، سرینگر، ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کرنے اور کسی بھی ملازمین کی طرف سے کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں حکام کے نوٹس میں آنے سے سختی سے نمٹنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ روز ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی پاداش میں متعدد ملازمین کو معطل کیا گیا ۔ حکام کے مطابق جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کرانے کےلئے ماڈل کوڈ آف کنڈٹ پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے اور تمام سرکاری اداروں کو اس ضمن میں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد کریں ۔














