نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے آج گلوبل ساؤتھ کے ممالک پر زور دیا کہ وہ ترقی سے متعلق اپنی امیدوں، خواہشات اور ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متحد ہوں نیز اپنی صلاحیتوں اور تجربات کا اشتراک کرکے دو تہائی انسانیت کو انصاف دلائیں۔مسٹرمودی نے تیسری وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ کے افتتاحی اجلاس میں اپنے خطاب میں یہ اپیل کی۔مسٹرمودی نے کہا کہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے ، تیسری وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ میں ہر ایک کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلی دو کانفرنسوں میں، مجھے آپ کے بہت سے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع ملا۔ مجھے خوشی ہے کہ اس سال ہندوستان میں عام انتخابات کے بعد، ایک بار پھر اس پلیٹ فارم پر آپ سب سے جڑنے کا موقع مل رہا ہے ۔مسٹرمودی نے کہا کہ 2022 میں جب ہندوستان نے جی-20 کی صدارت سنبھالی، تو ہم نے عزم کیا تھا کہ ہم جی-20 کو ایک نئی شکل دیں گے۔ وائس آف دی گلوبل ساؤتھ سمٹ ایک ایسا پلیٹ فارم بنا جہاں ہم نے ترقی سے متعلق مسائل اور ترجیحات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا، جس کی بنیاد پر ہندوستان نے گلوبل ساؤتھ کی امیدوں، خواہشات اور ترجیحات پر مبنی جی-20 ایجنڈا تیار کیا اور ایک جامع اور ترقی پر مرکوز رخ سے جی -20 کو آگے بڑھایا گیا۔














