اسمبلی الیکشن کے حوالے سے پارٹی کارکنان متحرک ہو جائیں :فاروق عبداللہ
سرینگر/ نیشنل کانفرنس کی مجلس عاملہ کا دو روزہ غیر معمولی اجلاس آج نوائے صبح کمپلیکس میں اختتام پذیر ہو۔ طویل اجلاس کی صدارت پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جبکہ نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر ،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال ، اجے کمار سدھوترا سمیت مجلس عاملہ کے معزز ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جموں و کشمیر اور یہاں کے عوام کو درپیش چیلنجوں کے علاوہ جموںوکشمیر کی سیاسی صورتحال ،پارٹی امورات ، تنظیمی پروگراموں کے بارے میں تبادلہ خیالات ہوا۔ اس دوران پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی آنے والے اسمبلی انتخابات کے لائحہ عمل ، منشوری اور دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔ اجلاس میں شرکا نے اپنے اپنے عام لوگوں کے بنیادی مسائل و مشکلات، خصوصاً بجلی اور پینے کے پانی کی قلیت ،اقتصادی اور معاشی بدحالی ، ریکارڈ توڑ بے روزگار اور کمر توڑ مہنگائی جیسے معاملات بھی اُجاگر کئے۔ شرکاءنے اجلاس کو اپنے اپنے علاقوں میں جاری پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگرواموں کے بارے میںبھی آگاہ کیا۔ حکومتی ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مجلس عاملہ نے کہاکہ انتظامیہ زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچنے اور ان کے مسائل و مشکلات دور کرنے میںمکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور موجودہ دور میں لوگوں کا کوئی پُرسانِ حال نہیں۔ صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اپنے خطاب میں مجلس عاملہ کے ممبران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ زمینی سطح پر تال میل رکھیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ماضی میں بھی بہت سارے چیلنجوں کا سامنا کیا اور ہمیشہ سروخ رو ہوکر اُبھر ہے لیکن اس کے لئے عوامی حمایت لازمی ہے۔ ہماری جماعت نے ماضی میں عظیم مالی اور جانی قربانیاں دیکر جموںوکشمیر کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کیاہے اور انشاءاللہ ہم موجودہ چیلنجوں میںبھی سروخرو ہوکر سامنے آئیں گے۔













