ہندوستان نے ایران اور اسرائیل سے امن کی اپیل کی
نئی دہلی/ ہندوستان نے مغربی ایشیا میں اسرائیل پر ایران کے حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ تشدد چھوڑ کر سفارت کاری اور بات چیت کی طرف لوٹیں۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی دشمنیوں پر شدید تشویش ہے جس سے خطے میں امن و سلامتی کو خطرہ ہے ۔ ہم فوری طور پر کشیدگی میں کمی، تحمل، تشدد سے پیچھے ہٹنے اور سفارت کاری کے راستے پر واپس آنے کی اپیل کرتے ہیں۔” وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمارے سفارت خانے خطے میں ہندوستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ خطے میں سلامتی اور استحکام برقرار رہے ۔ اطلاعات کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 185 ڈرون، 110 زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور 36 کروز میزائل فائر کیے جو ایران، عراق اور یمن سے داغے گئے۔ اسرائیل پر ایران کے حملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اتوار کو ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے ۔