سرینگر// بلند پایہ ولی کامل ، سالکین کے رہنما حضرت میر سید شاہ قاسم حقانی ؒ کا عرس شریف وادی بھر میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب اُن کے آستان عالیہ واقع نرپرستان فتح کدل میں منعقد ہوئی۔جس کی صدارت سجادہ نشین اور ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے کی۔ اس موقعے پر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت شاہ قاسم حقانیؒ کے تاریخ ساز ، اسلامی کارناموں ، سیرت ، روحانی اور علمی کمالات پر روشنی ڈالتے ہوۓ کہاکہ اولیاء کرام کی انتھک جدوجہد اور فیض سے ہی ریاست کا چپہ چپہ دین اسلام سے سرسبز وشاداب اور منور ہوا۔ وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے روح پرور مجالس میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ مولود مقدس کی پیشوائی مولانا مظفر احمد قادری نے انجام دی جبکہ مولانا شوکت حسین کینگ قادری، پروفیسر طیب کاملی،غلام محمد ڈار ،محمد اشرف عنایتی نےقران و احادیث کی روشنی میں اولیاۓ عظام کے عظیم مراتب کا خاکہ پیش کیا۔ساتھ ہی حضرت شاہ قاسم حقانیؒ کے عوامی خدمات اور علمی اور روحانی کمالات کا بیان فرمایا۔عرس کے پہلے روز تلاوت قرآن پاک، ختمات المعظمات تحلیلات کی مجلس بھی آراستہ ہوئی جبکہ نمازِ مغرب کے بعد مواعظ حسنہ کی مجلس منعقد ہوٸ جس میں مولانا محمد عمر نے قران و احایث مقدسہ ﷺ کی روشنی میں اولیاۓ عظام کے مراتب اور انکی دینی و سماجی خدمات کی وضاحت کی۔ادھر 21 فروری کی شام کو سویہ بُگ بڈگام میں عرس کے سلسلے میں ایک اور روح پرور مجلس آراستہ ہوئی ، جس میں عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعے پر حضرت بابا داود خاکیؒ کی تصنيف رسالہ شامیہ کی رسم رونمائی بھی انجام دی گٸ ۔مولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت بابا داود خاکیؒ کے علمی ، روحانی اور تصنیفی کارناموں کی وضاحت کی۔ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے تمام متعلقہ محکموں اور محب اولیائے کاملین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے جوق در جوق آکر اس بابرکت مجالس میں شرکت کی۔














