شمقام اننت ناگ میں نالہ سے بزرگ شخص کی لاش
ضلع بڈگام کے ہمہامہ علاقے میں ہفتہ کو ایک اٹھارہ سالہ لڑکا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔اس واقعے سے علاقے میں کہرام مچ گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد مہلوک کے گھر پہنچی ۔ ادھر عشمقام اننت ناگ میں نالہ سے ایک شخص کی لاش برآمد کی گئی ۔ پولیس نے دونوں معاملات میں رپورٹ درج کرلی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک نوجوان کو اس کی بیکری شاپ پر بجلی کا جھٹکا لگا جس کے بعد اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ متوفی لڑکے کی شناخت سہیل احمد ڈار ولد محمد شفیع ڈار ساکنہ عیدگاہ محلہ ہمہامہ کے طور پرہوئی ہے ۔دریں اثنا، پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور قانونی طبی کارروائیوں کے بعد، میت کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ دریں اثناءجنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے عشمقام علاقے میں نالہ سے ایک 65 سالہ شخص کی لاش ملی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نالہ میں لاش کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم سالیہ اشمقام علاقہ میں پہنچ گئی۔ بعد ازاں لاش نکال لی گئی۔ متوفی کی شناخت عبدالرحمان کھانڈے (65) ولد مرحوم عبدالعزیز کے طور پر کی گئی ہے جو مقامی ساکن سالیا ہے۔ایک پولیس اہلکار نے لاش کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔