جموں پولیس نے ہفتہ کے روز ایک شخص کو اپنے بھائی سے12 بور کی رائفل غیر قانونی طور پر ضلع جموں لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ اﺅ انسپکٹر وشال ڈوگرا کی قیادت میں پولیس اسٹیشن بس اسٹینڈجموں سے ایک ٹیم نے گشت کے دوران ایک شخص کو روکا، جو مشکوک حالات میں گھوم رہا تھا۔دوران چیکنگ پولیس ٹیم نے ملزم کے قبضے سے12 بور رائفل برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ گرفتار شخص کی شناخت الطاف احمد ولد محمد اعظم ساکن بہرامگلہ تحصیل سرنکوٹ ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس ٹیم نے گن لائسنس کی جانچ پڑتال کے بعد پایا کہ لائسنس ان کے بھائی مشتاق احمد کے حق میں جاری کیا گیا تھا اور الطاف احمد 12 بور رائفل کو غیر قانونی طور پر لے جا رہا تھا اور اس نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔پولیس نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن بس اسٹینڈ جموں میں دفعہ188 آئی پی سی اور 3/30 آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر58/2022 درج کیا گیا ہے اور تفتیش شروع کی گئی ہے۔