پولیس نے اتوار کے روز ان خبروں کی سخت الفاظ میں تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ امرناتھ یاتریوں کے خلاف پولیس نے لاٹھی چارج کیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں پولیس پر الزام ہے کہ انہوں نے امرناتھ یاتریوں کے خلاف لاٹھی چارج کیا ہے تاہم پولیس نے کہا ہے کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ سراسر بے بنیاد اور پروپگنڈا ہے جس کا مقصد پولیس کی شبیہ کو خراب کرنا ہے ۔ پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ جیسا کہ پہلے یہ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ کسی بھی ٹورسٹ یا یاتری کو سڑکوں سے ”آر او پی “ ہٹائے جانے کے بعد چلنے کی اجازت نہیں ہوگی کیوں کہ شاہراہ پر تعینات فورسز کو جب واپس اُٹھایا جاتا ہے تو اس دوران سفر کرنا غیر محفوظ تصور کیا جاتا ہے ۔ پولیس نے مزید کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے قومی شاہراہ کو بند کردیا اور کسی بھی گاڑی کو چلنے نہیں دیا جارہا تھا جس دوران وہاں سے ایک ایمبولینس گزری جس میں ایک نازک حالت میں مریض تھا اور پولیس نے اس ایمبولینس کےلئے راہداری ہموار کی جس کو کچھ مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر نے پولیس کے خلاف استعمال کیا ہے اگرچہ پولیس نے گاڑیوں کی نقل و حمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے التجا کررہی تھی کہ وہ گاڑیوں کے چلنے میں رُکاوٹ نہ بنیں اور خاص طور پر ایمبولینس کو جانے دیں۔ پولیس نے بیان میں مزید کہا ہے کہ پولیس کا کام ہے لوگوں خاص کر یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور پولیس یاتریوں کو خوش آمدید کرتے ہیں اور ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ اس طرح سے جن پورٹلوں نے غلط خبریں چلائی ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔














