سری نگر/ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے منگل کو پانتھا چوک بس اسٹینڈ (ای بس چارجنگ لوکیشن) کا دورہ کیا تاکہ سری نگر اسمارٹ سٹی کے ذریعے چلائے جانے والے کاموں کی پیش رفت کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے۔ یہاںشروع میں چیف انجینئر سرینگر اسمارٹ سٹی نے بس ڈپو پر اب تک کئے گئے کام کی صورتحال کے بارے میں بتایا کہ جدید ترین الیکٹرک بسوں کو شہر کے اندرون راستوں پر مقامی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیئر کو بتایا کہ سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے حاصل کی گئی 65 کنال اراضی میں سے 55 کنال پر باڑ لگائی گئی ہے، اس کے علاوہ کل 17 میں سے پانچ آپرچونٹی چارجنگ اسٹیشنز بھی لگائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ،انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دسمبر 2023 تک 9 اور 12 میٹر لمبائی کی 100 ای بسیں پہنچ رہی ہیں جن میں سے 9 میٹر لمبائی کی 25 سے 30 بسیں 31 جولائی تک پہنچ جائیں گی اور باقی اس کے بعد پہنچیں گی۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ اس بس ڈپو میں ایڈمنسٹریٹو بلاک، چارجنگ اسٹیشن اور واشنگ بے بنائے جارہے ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ سول ورکس میں فاؤنڈیشن کا کام، چارجنگ اسٹیشن اور باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔چیف انجینئر کے پی ڈی سی ایل نے ڈویژن کام کو بتایا کہ ڈپو کو بجلی کی فراہمی 10 جولائی تک کی جائے گی۔ ڈویژنل کمشنرنے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ ڈپو میں کام کرنے والے اہم علاقے میں رکاوٹیں لگائیں اور ملبہ ہٹانے کو یقینی بنائیں تاکہ یاتریوں کی ٹرانزٹ کیمپ تک آسانی اور پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افراد کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ بٹاملو بس اسٹینڈ پر ای بسوں کے لیے ڈپو بنانے پر کام کریں تاکہ ڈیڈ مائلیج کو روکا جا سکے۔ڈویژنل کمشنر نے سیکیورٹی اداروں کو علاقے میں مناسب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثنا، ڈویژنل کمشنر نے یاترا ٹرانزٹ کیمپ پنتھا چوک کا بھی دورہ کیا اور آنے والی شری امرناتھ جی یاترا 2023 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔