سری نگر/جنوبی ضلع اننت ناگ کے لدرو پہلگام میں کرنٹ لگنے سے دو خواتین سمیت چار افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دیا۔ دریں اثنا کوکر ناگ میں خاتون کرنٹ لگنے سے برسر موقع ہی لقمہ اجل بن گئی ۔اطلاعات کے مطابق لدرو پہلگام میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب چار افراد بجلی کرنٹ لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے معراج الدین ریشی کو مردہ قرار دیا۔ اس حادثے میں زخمی ہوئے تین افراد کی پہچان نعیم احمد بٹ ولد سجاد احمد بٹ ، نسیمہ بانو زوجہ نعیم احمد بٹ اور مبینہ اختر زوجہ سجاد احمد بٹ ساکنا لدرو کے بطور کی گئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ادھر ناگام کوکر ناگ میں اتوار کے روز اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک خاتون گھر میں کرنٹ لگنے سے شدید طورپر جھلس گئی۔معلوم ہوا ہے کہ اہل خانہ نے خاتون کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکی۔متوفی کی شناخت سائمہ جان کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔












